ڈیڑھ لاکھ افرادکے کھانے کاانتظام،چھ کروڑسے زائدخرچ کااندازہ،وزیراعلیٰ سمیت اہم شخصیات کی شرکت
کسان لیڈرنے کہا،ریاست میں عوام کے پاس پینے کوپانی نہیں،زمین پربہائے گئے پانچ سوٹینکر
اورنگ آباد،3؍مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )ایک طرف مرکزی حکومت کی طرف سے لیا گیا نوٹ بند ی کا فیصلہ اب بھی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے، وہیں اس فیصلے کے درمیان سیاسی لیڈروں کے گھرانوں میں ہو رہی مہنگی شادیاں اب بھی تنازعہ کا مسئلہ بنی ہوئی ہیں۔ایسی ہی ایک شادی جمعرات کو اورنگ آباد میں دیکھنے کو ملی، جو مہاراشٹر بی جے پی کے صدر راؤصاحب دانوے کے بیٹے اور ممبر اسمبلی سنتوش دانوے کی تھی، اس شادی میں ریاست سے مختلف سیاسی پارٹیوں سے وابستہ بڑے بڑے لیڈران شرکت کی تھے، شادی کی اس عظیم الشان تقریب میں وزیر اعلی دیویندر فڑنویس، سابق وزیر اعلی نارائن رانے، قانو ن ساز کونسل میں اپوزیشن کے لیڈر دھننجے منڈے، کئی مرکزی وزراء اور مہاراشٹر حکومت کے وزراء سمیت ریاست کی کئی بڑی سیاسی شخصیات نے شرکت کی تھی،حالانکہ یہ شادی ان بڑی شخصیات کے آنے کی وجہ سے نہیں،بلکہ اس میں ہوئے اخراجات کی وجہ سے بحث میں ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ تقریبا 5-6ایکڑ میں شادی کا شامیانہ سجایا گیا تھا، وہیں مشہور شخصیات کے ساتھ ساتھ ڈیڑھ لاکھ لوگوں کے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا اور مہمانوں کے لیے مختلف طرح کے پکوانوں کا انتظام کیا گیا تھا، شادی کے اسٹیج کو بڑے محل کی طرح سجایا گیا تھا۔وزیر اعلی فڑنویس نے شادی کے اسٹیج سے کہا کہ ہم دو سال سے انتظار کر رہے تھے کہ سنتوش کی کب شادی ہوگی؟وہیں اتنی مہنگی شادی کو لے کر کئی طرح کے اعتراضات بھی اٹھنے لگے ہیں، سماجی کارکن انجلی دمنیا نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے حیرت ہو رہی ہے کہ ایسی مہنگی شادی کے لیے پیسہ کہاں سے آتا ہے؟میڈیا رپورٹوں کے مطابق ،اس شادی میں تقریباََ 6-7کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ کسان لیڈر جیاجی سوریہ ونشی نے الزام لگایا ہے کہ لوگوں کے پاس پینے کے لیے پانی نہیں ہے اور اس شادی میں دو دن میں 500ٹینکر پانی زمین پر چھڑکا گیا۔